وزیراعظم شہباز شریف نے سولر کے حوالے سے نئے نیپرا ریگولیشنز کے اجراء کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ پاور ڈویژن نیپرا کو سولر کے موجودہ صارفین کے کنٹریکٹ کے تحفظ کے حوالے سے فورا نظر ثانی کی اپیل دائر کرے تاکہ موجودہ کنٹریکٹس کا ہر ممکن تحفظ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سولر سے مستفید ہونیوالے 4لاکھ 66ہزار صارفین کا بوجھ 3کروڑ 76لاکھ سے زائد صرف نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنیوالے صارفین پر نہ پڑے، اس حوالے سے پاور ڈویژن جامع لائحہ عمل تشکیل دے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیپرا کی جانب سے نئے ریگیولیشنز کے اجرا پر بلایا گیا اعلیٰ سطح خصوصی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطااللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔


