ایف آئی اے اور متروکہ وقف املاک بورڈ نے سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں آرام باغ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی ملکیت 1 ارب روپے مالیت کی عمارت صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ سے واپس لے لی۔
ذرائع کے مطابق ای ٹی پی بی کے زیر انتظام مذکورہ عمارت کافی عرصے سے ٹرسٹ کے غیر قانونی تسلط میں تھی جس کا استعمال مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے کیا جا رہا تھا۔
عمارت میں صارم برنی کی طرف سے کم عمر بچوں کی مبینہ سمگلنگ کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں جس کے باعث وہ اس وقت جیل میں موجود ہیں، عمارت کو قبضے میں لینے کے بعد سیل اور بعد ازاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے سپرد کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے بعد عمارت کا قانونی و شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا، جبکہ غیر قانونی قبضے پر مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔


