جمعہ, جنوری 30, 2026
ہومتازہ تریناستنبول کا اسٹریٹ فوڈ روایت، ذائقے اور سستی غذا کا امتزاج

استنبول کا اسٹریٹ فوڈ روایت، ذائقے اور سستی غذا کا امتزاج

دوپہر کے وقت استنبول کے تاریخی کاراکوئے علاقے کی ایک پچھلی گلی میں واقع تیس سال پرانی چھوٹی سی دکان کے باہر لوگوں کی لمبی قطار نظر آتی ہے۔

اندر، چاقوؤں کی مسلسل اور ترتیب وار حرکت مچھلی کی ہڈیوں کو الگ کرنے میں مصروف ہے جو ایک مقبول روایتی اسٹریٹ فوڈ، مچھلی کے ریپ، کی تیاری کی علامت ہے۔

250 ترک لیرا میں فروخت ہونے والا میکریل مچھلی کا ریپ مچھلی اور سلاد سے بھرا ہوتا ہے اور مقامی معیار کے مطابق ایک بھرپور کھانا سمجھا جاتا ہے۔ دکان میں بیٹھنے کی جگہ نہ ہونے اور محدود گنجائش کے باعث گاہک آرڈر دے کر سڑک پر ہی کھانا کھاتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے مطابق یہی تجربہ اس اسٹریٹ فوڈ کی اصل کشش ہے۔

ساؤنڈ بائٹ 1 (ترکی): ثروت ایکیتار، دکان کے شریک مالک

"جو چیز ہمیں واقعی دوسروں سے ممتاز کرتی ہے وہ ہماری چٹنی اور مصالحے ہیں۔ ہماری مچھلی اور سلاد پہلے ہی خاص ہیں۔ یہاں ہم چٹنی خود تیار کرتے ہیں اور ہمارے مصالحوں میں 45 مختلف اجزا شامل ہوتے ہیں۔”

ساؤنڈ بائٹ 2 (ترکی): ثروت ایکیتار، دکان کے شریک مالک

"لوگ چاہتے ہیں کہ یہ تجربہ اسٹریٹ فوڈ ہی رہے۔ میں اس جگہ کو بڑا اور زیادہ خوبصورت بنا سکتا ہوں مگر زیادہ تر لوگ یہاں لائن میں لگ کر کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وہ اسٹریٹ فوڈ کا ذائقہ چاہتے ہیں۔ اگر میں اسے حد سے زیادہ آگے لے گیا تو شاید اسٹریٹ فوڈ کی روح ہی ختم ہو جائے۔”

ایسے کھانوں کی مقبولیت نہ صرف ذائقے کی روایت بلکہ معاشی حقائق کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ترکی میں طویل عرصے سے جاری بلند مہنگائی میں حالیہ کمی کے باوجود خوراک کی بڑھتی قیمتیں اب بھی عوام پر بھاری ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں ترکی کی سالانہ مہنگائی کی شرح 30.89 فیصد رہی ہے۔

لاکھوں مزدور تقریباً 22 ہزار لیرا ماہانہ کم از کم اجرت پر گزر بسر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس کے مقابلے میں چار افراد پر مشتمل ایک خاندان کی ماہانہ خوراک کا خرچ تقریباً 30 ہزار لیرا ہے۔ترک ٹریڈ یونینوں کے کنفیڈریشن کے مطابق خوراک، رہائش، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور صحت سمیت تمام بنیادی اخراجات پورے کرنے کے لیے تقریباً 97 ہزار لیرا ماہانہ درکار ہوتے ہیں۔

اس معاشی پس منظر میں اسٹریٹ فوڈ بہت سے لوگوں کے لیے زندگی کی اہم سہولت بن چکا ہے۔

کاراکوئے کی یہ دکان سیاحوں، مزدوروں اور طلبہ سمیت مختلف طبقات کے افراد کو خدمات فراہم کرتی ہے۔

اگرچہ مچھلی کے ریپس عام ہیں لیکن استنبول کی اسٹریٹ فوڈ ثقافت صرف سمندری خوراک تک محدود نہیں ہے۔ان میں ایک نمایاں ڈش کوکورچ ہے، جو بھیڑ کی آنتوں سے تیار کی جاتی ہے اور سیخوں پر افقی انداز میں بھونی جاتی ہے۔

اوزی کی دکان کے مالک اوغوزہان سائی کے مطابق ان کے خاندان میں کوکورچ بنانے کی روایت تقریباً 130 سال پرانی ہے۔گزشتہ گیارہ برسوں سے کاروبار سنبھالنے والے سائی اس ڈش کی اصل روح کو برقرار رکھنے پر توجہ دیتے ہیں۔

استنبول کے دولاپ درے علاقے میں واقع سائی کی یہ چھوٹی سی دکان مختلف طبقات کے افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے جن میں مشہور شخصیات، فوڈ ناقدین، مزدور اور طلبہ شامل ہیں۔قیمتیں اب بھی عوامی دسترس میں ہیں جہاں آدھی ڈبل روٹی میں تیار کیا گیا کوکورچ سینڈوچ 250 لیرا میں فروخت ہوتا ہے۔

ساؤنڈ بائٹ 3 (ترکی): اوغوزہان سائی، اوزی کی اسٹریٹ فوڈ دکان کے مالک

"یہ کوکورچ ہے۔ میرا خیال ہے کہ کوکورچ عوام کی نمائندگی کرتا ہے۔ عوام ایک حقیقی برادری ہیں۔ ان میں کوئی درجہ بندی نہیں۔ ‘عوام’ ایک وسیع تصور ہے۔ آج کوکورچ وہ ذائقہ ہے جسے پھٹے پرانے جوتوں میں گھومنے والا آدمی بھی شوق سے کھاتا ہے۔”

آنتوں پر مبنی کھانے جیسے کوکورچ آج بھی سب سے سستے کھانوں میں شمار ہوتے ہیں جنہیں اکثر معمولی رقم سے خریدا جا سکتا ہے۔دیگر اسٹریٹ فوڈ بھی استنبول کے سستے اور متنوع کھانوں میں اضافہ کرتے ہیں۔

چنے اور چاول کا کھانا عام طور پر 100 سے 200 لیرا میں ملتا ہے جبکہ تنتونی ریپس کی قیمت 150 سے 250 لیرا تک ہے۔ہلکے ناشتہ کے طور پر تل لگا سمِت صرف 20 لیرا میں دستیاب ہے جو اسے شہر کے سب سے قابلِ رسائی کھانوں میں شامل کرتا ہے۔

استنبول، ترکی سے نمائندہ شِنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ

———————————–

آن سکرین ٹیکسٹ:

استنبول کا اسٹریٹ فوڈ روایت، ذائقے اور سستی غذا کا امتزاج

استنبول میں فِش ریپ آج بھی عوامی دسترس میں، قیمت صرف 250 لیرا

مہنگائی کے دباؤ میں اسٹریٹ فوڈ شہریوں کے لیے سہارا بن گیا

ترکی میں سالانہ مہنگائی 30 فیصد سے زائد، خوراک سب سے مہنگی

کم از کم اجرت اور اخراجات میں وسیع فرق، شہری مشکلات کا شکار

اسٹریٹ فوڈ سیاحوں، مزدوروں اور طلبہ کو یکساں متوجہ کر رہا ہے

کوکوریچ، استنبول کا روایتی اسٹریٹ فوڈ قرار

130 سال پرانی کوکوریچ روایت آج بھی زندہ

چنے کی چاول، تنتونی اور سمِت سستی اور مقبول غذائیں

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!