ووہان (شِنہوا) چین کے وسطی صوبے ہوبے کے شہر ووہان اور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے درمیان فضائی مال برداری کی نئی براہ راست راہداری باضابطہ طور پر شروع کی گئی ہے۔
جے ڈی ایئر لائنز کے بوئنگ 737-800 بی سی ایف مال بردار طیارے میں سرحدی تجارت کے پارسل اور الیکٹرانک مصنوعات لادی گئی تھیں اور یہ طیارہ ووہان تیان حہ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پرواز کرتے ہوئے براہ راست بینکاک کے سووارنابھومی ہوائی اڈے پر پہنچا۔
جے ڈی لاجسٹکس کے محکمہ شہری ہوابازی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہوو جون شی نے کہا کہ یہ نئی سروس چین کے وسطی خطے میں ووہان کی لاجسٹکس کے مرکز اور مینوفیکچرنگ حب کے طور پر بڑھتی ہوئی حیثیت کو اجاگر کرتی ہے۔
ہوو نے کہا کہ برآمدی پروازیں ووہان میں تیار ہونے والی قیمتی مصنوعات کو ترجیح دیں گی جن میں صارفین کے لئے برقی آلات اور حساس آلات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپسی پر یہ پروازیں تھائی لینڈ کے موسمی پھل، خاص طور پر ڈوریان اور دیگر تازہ مصنوعات لے کر آئیں گی تاکہ ہوبے صوبے میں صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
ووہان کے لئے یہ راہداری ترسیل کی رفتار کے لحاظ سے بہت بڑا فائدہ فراہم کرتی ہے۔ ہوبے ایئر پورٹ گروپ کے کارپوریٹ مینجمنٹ کے نائب سربراہ لیو روئی نے کہا کہ یہ اس وقت ووہان اور بینکاک کے درمیان واحد براہ راست کارگو پرواز ہے۔ پہلے تھائی لینڈ کے لئے فضائی مال برداری چین کے جنوبی ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے کے ذریعے ہوتی تھی جس کی وجہ سے ترسیل کا وقت تقریباً 6 گھنٹے بڑھ جاتا تھا۔
لیو نے مزید کہا کہ نئی راہداری کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا وقت تقریباً آدھا ہو گیا ہے۔
آپریٹر کے مطابق پروازوں کی تعداد موسمی اعتبار سے تبدیل کی جائے گی، جنوری سے اکتوبر تک ہفتے میں تین پروازیں اور نومبر تا دسمبر کے دوران ہفتے میں پانچ پروازیں چلائی جائیں گی۔


