سابق مس یونیورس امیدوار اور ٹی وی میزبان جیلین الواریز نے انکشاف کیا ہے کہ صرف 33 برس کی عمر میں بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کا سامنا کر رہی ہوں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے یہ انکشاف انسٹاگرام پر کیا اور بتایا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد انکی زندگی یکسر بدل چکی ہے، ابتدا میں ہی اپنی علامات کو سنجیدگی سے نہ لینے پر افسوس ہیں اور خواتین کو مشورہ دونگی کہ اس غلطی سے بچیں، وہ یہ مشکل مرحلہ اپنے پروردگار پر کامل یقین، مضبوط ایمان اور پرسکون دل کیساتھ کاٹ رہی ہیں، زندگی میں ایک لمحہ ایسا آتا ہے جب آپ موت کا سامنا کرتے ہیں اور کہتے ہیں، ابھی نہیں، میرے ساتھ نہیں اور یہی وہ وقت ہوتا ہے جب آپ اپنی اصل طاقت اور حوصلہ دریافت کرتے ہیں۔
جیلین نے ایک ٹی وی پروگرام میں بھی بتایا کہ مجھے خود اپنی چھاتی میں گلٹی محسوس ہوئی تھی مگر ابتدا میں اسے نظرانداز کر دیا تھا لیکن کچھ عرصے بعد وہ بڑھ چکی تھی، جس پر مجھے تشویش ہوئی اور جب طبی معائنہ کروایا تو بریسٹ کینسر کی تصدیق ہوگئی اور اب علاج جاری ہے۔
ماڈل جیلین نے بتایا کہ میرے خاندان میں کینسر کا مرض نسل در نسل ہے اسلئے مجھے ابتدا میں ہی خبردار ہوجانا چاہئے تھا، خوش آئند بات یہ ہے کہ کینسر ابھی جسم کے دیگر حصوں میں نہیں پھیلا، کیموتھراپی جاری ہے، بال جھڑ چکے ہیں اور میں وگ پہنتی ہوں۔
جیلین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی بیماری سے جنگ کے سفر کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہیں گی تاکہ دیگر خواتین کو حوصلہ ملے اور وہ بروقت طبی معائنہ کرانے کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔


