ٹوکیو (شِنہوا) جاپان میں موجود آخری جڑواں بڑے پانڈے ٹوکیو کے اوئنو چڑیا گھر سے چین واپس روانہ ہو گئے، جس کے ساتھ ہی تقریباً نصف صدی میں پہلی بار جاپان میں کوئی بھی پانڈا موجود نہیں رہے گا۔
جڑواں پانڈے شیاؤ شیاؤ اور لی لی کو اوئنو زوالوجیکل گارڈنز سے ٹرک کے ذریعے ناریٹا ہوائی اڈے منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں چین جانے والی پرواز میں سوار کیا گیا۔
شیاؤ شیاؤ اور لی لی 2021 میں اپنی ماں شن شن اور باپ ری ری کے ہاں پیدا ہوئے تھے، جنہیں ستمبر 2024 میں چین واپس بھیج دیا گیا تھا۔ ان کی بڑی بہن مشہور شیانگ شیانگ فروری 2023 میں چین واپس کی گئی تھی۔
چین اور جاپان کے درمیان پہلے سے موجود معاہدے کے تحت اوئنو چڑیا گھر کے ان پانڈوں کو فروری 2026 تک واپس بھیجا جانا تھا۔ جاپانی میڈیا نے پہلے رپورٹ کیا تھا کہ ٹوکیو میٹرو پولیٹن حکومت نے واپسی کی مخصوص تاریخ کے حوالے سے چینی فریق سے مشاورت کی اور اسے تقریباً ایک ماہ پہلے کرنے پر اتفاق ہوا۔
روانگی سے قبل کے دنوں میں اوئنو چڑیا گھر میں پانڈوں کو الوداع کہنے کے لئے بڑی تعداد میں لوگ آئے۔ 14 جنوری سے چڑیا گھر نے ریزرویشن اور قرعہ اندازی کا مشترکہ نظام متعارف کرایا، جس کے تحت روزانہ تقریباً 4 ہزار 400 افراد کو دونوں پانڈوں کو دیکھنے کی اجازت دی گئی۔
اگرچہ بہت سے جاپانی افراد قرعہ اندازی میں کامیاب نہ ہو سکے، پھر بھی وہ آخری دن شیاؤ شیاؤ اور لی لی کو الوداع کہنے کے لئے اوئنو چڑیا گھر پہنچے۔
دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے موقع پر 1972 میں 2 بڑے پانڈے جاپان لائے گئے تھے، شیاؤ شیاؤ اور لی لی کے روانہ ہونے کے بعد پہلی بار جاپان میں کوئی بڑا پانڈا موجود نہیں ہوگا۔


