گوانگ ژو (شِنہوا) چین کا گوانگ ڈونگ-ہانگ کانگ-مکاؤ عظیم تر خلیجی علاقہ (جی بی اے) انضمام کی جانب تیزی سے پیش قدمی کر رہا ہے اور توقع ہے کہ 2025 میں اس کی مجموعی اقتصادی پیداوار 150 کھرب یوآن (تقریباً 21.5 کھرب امریکی ڈالر) سے تجاوز کر جائے گی۔
گوانگ ڈونگ کی صوبائی عوامی کانگریس کے سالانہ اجلاس کے مطابق عظیم تر خلیجی علاقہ ہانگ کانگ اور مکاؤ کے خصوصی انتظامی علاقوں کو اقتصادی پاور ہاؤس گوانگ ڈونگ کے گوانگ ژو، شین زین اور ژوہائی سمیت 9 بڑے شہروں کے ساتھ ملاتا ہے۔ یہ خطہ تیز رفتار نقل و حمل اور سرحد پار آمد و رفت میں آسانی کی وجہ سے تیزی سے ایک دوسرے سے منسلک ہو رہا ہے۔
حالیہ برسوں میں عملی رابطوں میں تیزی آئی ہے۔ شہروں کے درمیان ریلوے لائنیں اب ایک نیٹ ورک کی شکل اختیار کر چکی ہیں جس سے ریل کی مجموعی لمبائی 4 ہزارکلومیٹر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ سرحد پار سفر کے آبی راستے بڑھ کر 17 لائنوں تک پہنچ گئے ہیں۔
ادارہ جاتی رابطے بھی مستحکم ہو رہے ہیں جس کے تحت اب 198 سرکاری خدمات جی بی اے کے اندر سرحد پار دستیاب ہیں۔ حکام نے 267 جی بی اے معیار متعارف کرائے ہیں اور 308 جی بی اے سرٹیفیکیشنز جاری کی ہیں۔
یہ خطہ اب ہانگ کانگ اور مکاؤ کے نوجوانوں کے لئے 84 اختراعی اور کاروباری سنٹرز کی میزبانی کر رہا ہے، جنہوں نے اب تک 7 ہزار سے زائد منصوبوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔
یہ رفتار گوانگ ڈونگ کی وسیع تر معاشی طاقت کی عکاسی کرتی ہے۔ سالانہ اجلاس میں پیش کی گئی صوبائی حکومت کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق یہ جنوبی صوبہ مجموعی ملکی پیداوار میں ملک بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔


