لہاسا (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی شی زانگ خود مختار علاقے میں نجی کاروباری اداروں نے 2025 کے دوران 7.268 ارب یوآن (1.04 ارب امریکی ڈالر) مالیت کی درآمدات و برآمدات کیں جو خطے کی مجموعی غیر ملکی تجارت کا 85.7 فیصد بنتا ہے۔
لہاسا کسٹمز کی جانب سے منعقدہ ایک کانفرنس کے مطابق یہ اعداد و شمار شی زانگ کی غیر ملکی تجارت کے منظر نامے میں نجی شعبے کے بڑھتے ہوئے غلبے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
لہاسا کسٹمز کے ایک عہدیدار دین زین نے بتایا کہ 2025 میں شی زانگ کی اشیاء کی تجارت کی مجموعی درآمدی و برآمدی مالیت 8.479 ارب یوآن تک پہنچ گئی جو خطے کے 14 ویں 5 سالہ منصوبے (2021-2025) میں مقرر کردہ 6 ارب یوآن کے ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔
دین زین نے مزید کہا کہ شی زانگ کے مسلسل کھلے پن اور نقل و حمل کے بڑھتے ہوئے موثر نیٹ ورک کی بدولت خطے نے 2025 میں 155 ممالک اور خطوں کے ساتھ تجارت کی۔
اپریل 2025 میں شی زانگ کے پہلے بین الاقوامی ایئر کارگو ٹرمینل نے کام شروع کیا، جس کے ذریعے سال بھر میں 44 کروڑ یوآن مالیت کا سامان منتقل کیا گیا۔ سڑک اور ریل کے مشترکہ ماڈل جنوبی ایشیا مال بردار ٹرین سروس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ نئی توانائی والی گاڑیاں اپنی تیاری کے مقام سے نیپال تک محض 10 دنوں کے اندر پہنچائی جا سکیں۔


