سینئر سیاستدان سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بورڈ آف پیس صرف غزہ تک محدود نہیں، پاکستان کی شمولیت سے بھارت میں تہلکہ مچا ہوا ہے۔
بھارتی یوم جمہوریہ پر پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹ سروس میں یوم سیاہ کے نام سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارت میں اس وقت آر ایس ایس کی حکومت ہے جو ایک فاشزم جماعت ہے، ہندوستانی ریاست کا نظریہ ہندوتوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی جبر میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین وہ دو ریاستیں ہیں جو پاکستان کی پالیسی میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے ہمیں ایک پلیٹ فارم دیا ہے اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی پیس آف بورڈ میں شمولیت سے بھارت بے چین ہے وہاں تہلکہ مچا ہوا ہے، پاکستان اس وقت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا بھی رکن ہے، اس کے ذریعے کشمیر کاز کو پروموٹ کیا جائے گا۔


