بھارت میں پھیلنے والے خطرناک وائرس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد خطرے میں ڈال دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کو بھارت میں نئے نیپا وائرس کے پھیلنے کے باعث خطرات کا سامنا ہے جس سے میگا ایونٹ کے انعقاد پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں دو نرسز اور ایک ڈاکٹر سمیت پانچ افراد میں نیپا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حکام نے کم از کم 100 افراد کو قرنطینہ میں بھیج دیا ہے اور حفاظتی تدابیر مزید سخت کردی ہیں، یہ خطرناک وائرس 7 فروری کو شروع ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد سے چند ہفتے پہلے ہی پھیلنا شروع ہوا ہے اور اگر وائرس کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے تو اس سے ایونٹ کی تیاریوں، لاجسٹکس اور سکیورٹی انتظامات پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
نیپا وائرس چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہونیوالا ایک مہلک زہر ہے جس کی شرح اموات 75فیصد تک ہو سکتی ہے جبکہ دنیا بھر میں فی الحال اسکا کوئی موثر علاج موجود نہیں ہے۔


