سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ فوج اور اداروں سے کوئی مسئلہ ہے نہ تصادم چاہتے ہیں، ملک میں وسائل کی کمی نہیں، مسئلہ درست استعمال کا ہے، اجتماعی عقل و دانش سے ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ ہمارا نواز شریف، شہباز شریف سے کوئی جھگڑا ہے نہ فوج اور ایجنسیوں سے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 46 فیصد لوگ غربت کی لکیر کے نیچے رہ رہے ہیں، ایسا نہیں ہے ملک میں وسائل نہیں، سب کچھ موجود ہیں تاہم صحیح طریقے سے استعمال نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو چلانے کا اور کوئی راستہ نہیں ہے، آئیں اجتماعی عقل و دانش سے اس ملک کے مسائل کا حل نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کہتا ہے معاشرہ عدل کے بغیر چل ہی نہیں سکتا ہے، بے انصافی نفرتوں کو جنم دیتی ہے ،ہم نے بے انصافی کو ختم کرنا ہے، ظالم کیخلاف ہمارا ساتھ دیا جائے اگر اگر کوئی ساتھ نہیں دے سکتا تو دعا کرے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ملک فوج کے بغیر نہیں چل سکتا تاہم آئینی حدود میں رہ کر کام کیا جائے۔


