بیجنگ (شِنہوا) چین کے ایک فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ چین جنوبی بحیرہ چین کو امن، دوستی اور تعاون کا سمندر بنانے کی خاطر خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
چین کی وزارت قومی دفاع کے ترجمان ژانگ شیاؤ گانگ نے یہ بات جنوبی بحیرہ چین میں چینی بحری جہاز کی جانب سے ایک فلپائنی ماہی گیر کی حالیہ امداد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی۔
انہوں نے بتایا کہ چین کی سمندری حدود میں معمول کے گشت کے دوران چینی بحری جہاز کے عملے نے مشکل میں پھنسے ایک فلپائنی ماہی گیر کو بچایا جو انسانی ہمدردی کا ایک عمل تھا اور جسے فلپائن کے عوام کی جانب سے وسیع پیمانے پر سراہا گیا۔
تاہم فلپائن کی نیوی کے ایک ترجمان نے اس امدادی کارروائی کو "پراپیگنڈا” قرار دے کر مسترد کیا۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے ژانگ نے کہا کہ فلپائن میں بعض افراد نے اپنے ہی ماہی گیروں کو سمندری خلاف ورزیوں، اشتعال انگیزیوں اور سنسنی خیز پروپیگنڈے کے لئے مہرے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات ماہی گیروں کو مشکل صورت حال میں ڈال دیتے ہیں اور ان کے روزگار اور سلامتی کو نظر انداز کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منافق اور سنگدل افراد نے چین کے خلاف بے بنیاد الزامات بھی عائد کئے ہیں۔
ژانگ نے کہا کہ حقائق الفاظ سے زیادہ بولتے ہیں اور انصاف عوام کے دلوں میں زندہ رہتا ہے۔


