بیجنگ (شِنہوا) چین کے ایک فوجی ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جاپانی عسکریت پسندی کو دوبارہ ابھرنے سے روکنے کے لئے مشترکہ طور پر کام کرے۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان ژانگ شیاؤ گانگ نے یہ بات ایک پریس کانفرنس میں جاپانی حکومت کی جانب سے حالیہ فوجی نوعیت کے اقدامات اور اس کے حکام کے بیانات سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہی۔
ژانگ نے کہا کہ عسکری اور سکیورٹی شعبوں میں جاپان کے منفی اقدامات پر جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک سمیت عالمی برادری کی تنقید واضح اور مسلسل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے تاریخی جرائم پر ندامت کا اظہار کرنے اور فوجی توسیع کے معاملے میں احتیاط برتنے کے بجائے جاپان مختلف حیلے بہانوں سے اپنی فوجی توسیع میں تیزی لایاہے، کھلم کھلا تباہ کن ہتھیار برآمد کئے ہیں اور یہاں تک کہ عالمی مخالفت کے باوجود جوہری اسلحہ حاصل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ژانگ کے مطابق ایسے اقدامات جاپان کی دائیں بازو کی قوتوں کے ان مذموم عزائم کو مزید بے نقاب کرتے ہیں جو دوبارہ عسکریت اختیار کرنے اور عسکریت پسندی کو زندہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ژانگ نے کہا کہ تمام امن پسند ممالک اور عوام کو جاپانی حکومت کے پوشیدہ مقاصد کو سمجھنے، جاپانی عسکریت پسندی کو ابھرنے سے روکنے کے لئے مل کر کام کرنے، جنگ عظیم دوم کے بعد کے بین الاقوامی نظام کا تحفظ کرنے اور خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے دفاع کی ضرورت ہے۔


