اوسلو(شِنہوا)ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈریکسن نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کسی دوسرےنیٹو ملک پر حملہ کرتا ہے تو سب کچھ رک جائے گا۔
ڈینش نشریاتی ادارے ڈی آر کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر امریکہ ایک اور نیٹو ملک کے خلاف طاقت کا استعمال کرتا ہے تو اس کا کیا مطلب ہوگا۔
فریڈریکسن نے امریکی صدر کے اس تازہ بیان کی بھی مذمت کی جس میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے خودمختار علاقے پر ناقابل قبول دباؤ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے میرے خیال میں امریکی صدر کے اس بیان کو سنجیدگی سے لینا چاہیے جس میں انہوں نے کہا کہ میں گرین لینڈ چاہتا ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈنمارک اور گرین لینڈ دونوں نے بارہا گرین لینڈ کے امریکہ کا حصہ بننے کی تجویز کو مسترد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں امریکی اقدامات کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتی لیکن یورپ کی طرف سے اس بات کی مکمل حمایت حاصل ہے کہ سرحدوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔


