واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا آئندہ 30 دن کے اندر انتخابات نہیں کرائے گا۔
این بی سی کو ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ پہلے ہمیں ملک کو ٹھیک کرنا ہے۔ آپ انتخابات نہیں کرا سکتے۔ وہاں کے عوام کی طرف سے ووٹ دینے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
ٹرمپ نے اپنی ٹیم کے کئی ارکان کی نشاندہی کی، جن میں وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ، وائٹ ہاؤس کے نائب چیف آف سٹاف سٹیفن ملر اور نائب صدر جے ڈی وینس شامل ہیں، جو وینزویلا میں امریکی مداخلت کی نگرانی میں مدد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ امریکی تیل کمپنیوں کی طرف سے وینزویلا میں سرمایہ کاری کرنے اور ملک کے توانائی ڈھانچے کی تعمیرنو کی کوششوں کے لئے مالی معاونت کر سکتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ عمل 18 ماہ سے کم مدت میں مکمل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہم یہ کام اس سے بھی کم وقت میں کر سکتے ہیں لیکن اس کے لئے بہت پیسہ درکار ہے۔ ایک بہت بڑی رقم خرچ ہوگی اور یہ رقم تیل کمپنیاں خرچ کریں گی اور پھر وہ یہ رقم امریکہ سے واپس لیں گی یا حاصل ہونے والی آمدن سے لیں گی۔
انہوں نے اس بات سے انکار کیا کہ امریکہ اس وقت وینزویلا کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کےساتھ حالت جنگ ہیں جو منشیات فروخت کرتے ہیں۔ ہم ان لوگوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں جو اپنی جیلیں ہمارے ملک میں خالی کرتے ہیں اور اپنے منشیات کے عادی افراد اور اپنے ذہنی اداروں کے مریضوں کو ہمارے ملک میں چھوڑتے ہیں۔


