اداکارہ فائزہ حسن نے کہا ہے کہ جوائنٹ فیملی سسٹم زہریلا، واحد فائدہ پیسے کی بچت ہے۔
نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ فائزہ حسن نے کہا کہ میں ذاتی طور پر صبا فیصل سے کبھی نہیں ملی تاہم ان کا ‘بہو کو سسرال میں سونے سے پہلے بھی اجازت لینی چاہیے’ والا کلپ دیکھا ہے۔
فائزہ حسن نے کہا میں نے ہمیشہ ایسے ہی کردار ڈراموں میں ادا کئے ہیں تاہم حقیقی زندگی میں ایسے زہریلے لوگوں سے میرا سامنا نہیں ہوا، میں سمجھتی تھی کہ نند جیسے کردار صرف فکشن ہوتے ہیں اور حقیقت میں ایسے لوگ موجود نہیں، لیکن جب میں نے نند میں کام کیا تو لوگوں کے پیغامات آئے کہ وہ اس کہانی سے خود کو جوڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب مجھے اندازہ ہوا ہے کہ جوائنٹ فیملی سسٹم میں واقعی بہت سی ناانصافیاں ہوتی ہیں، جو بالکل غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوائنٹ فیملی سسٹم زہریلا ہو سکتا ہے کیونکہ ہر رشتے کو کچھ ذاتی اسپیس درکار ہوتی ہے جو اکثر ایسے نظام میں میسر نہیں ہوتی، میرے خیال میں جوائنٹ فیملی سسٹم کا واحد فائدہ پیسے کی بچت ہے، اس کے علاوہ میں اسے ایک اچھا خیال نہیں سمجھتی۔


