انقرہ (شِنہوا) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وینزویلا کو عدم استحکام کی طرف نہ دھکیلا جائے۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں ایسے کسی عمل کی تائید نہیں کرتے جو سیاسی جواز اور بین الاقوامی قانون کے منافی ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ ممالک کے خودمختار حقوق اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں خطرناک اقدامات ہیں جو سنگین عالمی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے اردوان نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے ملک کے خدشات بھی امریکی صدر ٹرمپ تک پہنچائے۔ ہم نے اس بات پر زور دیا کہ وینزویلا کو عدم استحکام میں نہیں دھکیلا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے حوالے سے ہم وہی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ترکیہ اور دوست وینزویلا کے عوام دونوں کے لئے بہتر اور درست ہو۔ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور وینزویلا کے عوام ہمیشہ ترکیہ کے دوست رہے ہیں۔
اردوان نے خبردار کیا کہ "قانون کی حکمرانی” کے بجائے "طاقت کے قانون” پر مبنی عالمی نظام لازمی طور پر عدم استحکام، بحرانوں اور تنازعات کو جنم دے گا۔


