جمعہ کے روز جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں ناروے کی نئی کار منڈی میں چینی برانڈز کا حصہ بڑھ کر 13.7 فیصد ہو گیا ہے۔
ناریویجن روڈ ٹریفک انفارمیشن کونسل (او ایف وی) نے بتایا کہ شمالی یورپی ملک ناروے نے نئی کاروں کے اندراج میں ریکارڈ قائم کیا اور بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کا حصہ بھی نئی بلند سطح تک پہنچ گیا۔
او ایف وی کے مطابق 2025 میں ناروے میں 179550 نئی مسافر گاڑیاں رجسٹر کی گئیں، جو 2021 کے سالانہ ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیتی ہیں۔ اس دوران نئی مسافر کاروں کی فروخت میں برقی گاڑیوں کا حصہ 95.9 فیصد تک پہنچ گیا۔
اسی برس 24,524 چینی ساختہ نئی مسافر گاڑیاں رجسٹر ہوئیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 10.4 فیصد زیادہ ہیں۔
دسمبر 2025 میں چینی برانڈز نے منڈی میں 17 فیصد حصہ حاصل کیا جو سال 2024 کے اسی مہینے میں 7.7 فیصد تھا۔ اس طرح چینی برانڈز نے خاص طور پر مضبوط کارکردگی دکھائی۔
او ایف وی کے مطابق سال 2025 میں ناروے میں بی وائے ڈی سب سے بڑی چینی کار برانڈ تھی جو اپنی برانڈ لسٹ میں 10 ویں نمبر پر رہی جس کی مقبولیت میں بی وائے ڈی سیلیون سیون ماڈل نے زبردست کردار ادا کیا۔ دسمبر میں بی وائے ڈی سب سے زیادہ رجسٹر ہونے والی برانڈز میں ساتویں نمبر پر پہنچ گئی جبکہ سیلیون سیون ماڈل اس مہینے ماڈل چارٹ میں چھٹے نمبر پر رہا۔
او ایف وی کے ڈائریکٹر گیر انجے اسٹوکے نے کہا کہ چینی کار ساز کمپنیاں مرکزی شعبوں میں مقابلہ کرنے والے الیکٹرک ماڈلز کے ساتھ مختصر عرصے میں ناروے کی منڈی کا اہم حصہ بن گئی ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ یورپی، امریکی اور جاپانی برانڈز اب بھی سالانہ مجموعی فروخت میں سرفہرست ہیں۔ دوسری جانب چینی کاروں کی فروخت کئی برانڈز اور ماڈلز میں تقسیم ہے جس نے الیکٹرک کار مارکیٹ میں زیادہ مقابلہ اور وسیع تنوع پیدا کیا ہے۔
سال 2025 میں برانڈز کے درمیان مقابلہ شدت اختیار کر گیا۔ ٹیسلا نے ناروے میں نمبر ایک برانڈ کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کی اور سال بھر میں اپنی 34285 نئی مسافر گاڑیاں رجسٹر کروائیں جو مارکیٹ کے 19.1 فیصد حصے کے برابر ہیں۔
اسی دوران پورے سال ٹیسلا سے پیچھے رہنے کے بعد وولکس ویگن نے آخری مراحل میں اپنی پوزیشن بہتر کر لی۔ دسمبر میں وولکس ویگن نے 5237 گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ 14.9 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیا جبکہ اسی مہینے ٹیسلا کا حصہ 16.2 فیصد رہا۔
اوسلو سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
ناروے میں سال 2025 میں چینی کاروں کا حصہ 13.7 فیصد ہوا
نئی رجسٹر ہونے والی برقی گاڑیوں کا حصہ 95.9 فیصد تک پہنچ گیا
بی وائے ڈی سب سے بڑی چینی کار برانڈ بن کر سامنے آئی
بی وائے ڈی سیلیون سیون ماڈل نے زبردست مقبولیت حاصل کی
دسمبر میں چینی برانڈز نے مارکیٹ شیئر 17 فیصد حاصل کیا
چینی برانڈز کی موجودگی نے منڈی میں مقابلے کی فضا قائم کی
یورپی، امریکی اور جاپانی برانڈز اس وقت بھی سرفہرست ہیں
چینی کاریں کئی برانڈز اور ماڈلز میں فروخت ہو رہی ہیں
ٹیسلا ناروے کی منڈی میں نمبر ایک برانڈ کے طور پر برقرار رہی
وولکس ویگن نے آخری مہینے میں مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھایا


