جمعرات, جنوری 8, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول...

وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا تسلیم شدہ حق ہے، کوئی طاقت اسے دبا نہیں سکتی، عالمی برادری بھارت پر مظالم کے خاتمے، قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ڈبائو ڈالے۔

یوم حق خود ارادیت پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ 5جنوری ہمیں اس تاریخی عہد کی یاد دلاتا ہے جو عالمی برادری نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم اور یقینی بنانے کیلئے کیا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 5 جنوری 1949ء کو اقوامِ متحدہ کے کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں واضح طور پر یہ طے کیا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کے حتمی مستقبل کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کے باعث یہ عہد آج تک پورا نہیں ہو سکا اور مذکورہ قرارداد پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

بھارت تمام تر جبر و تشدد اور ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کے عزم کو پست اور ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو دبا نہیں سکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ تقریبا آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات جو مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی اور سیاسی ڈھانچے کو بدلنے کی منظم مہم کا حصہ ہیں، نے کشمیری عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔

بھارت نے کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو خاموش کرانے اور میڈیا کو دبانے کی مسلسل کوششیں کی ہیں، ہزاروں کشمیری آج بھی سیاسی قیدی ہیں جبکہ سولہ سیاسی جماعتوں، تنظیموں پر قابض حکام نے پابندی عائد کر رکھی ہے، اسی دوران بے گناہ کشمیریوں کی پروفائلنگ اور ہراسانی، من مانے حراستی اقدامات اور نام نہاد کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز مقبوضہ علاقے میں معمول بن چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے تمام جبر و تشدد کے باوجود یہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم کو پست کرنے یا ان کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھارتی مظالم کے سامنے کشمیری عوام کی بے مثال جرات، ثابت قدمی اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسے یہ حقیقت بھی تسلیم کرنی چاہیے کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کی واحد راہ ہے۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو فوری طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے، 5اگست 2019ء کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی واپسی، جابرانہ قوانین کے خاتمے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے پر آمادہ کرے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!