واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز پر زور دیا ہے کہ وہ بالخصوص تیل کے ذخائر سمیت امریکہ کو وینزویلا میں مکمل رسائی دیں۔
ایئر فورس ون طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مکمل رسائی چاہتے ہیں۔ ہم وینزویلا کے تیل اور دیگر چیزوں تک رسائی چاہتے ہیں جس سے ہمیں اس ملک کی تعمیر نو میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے روڈریگیز سے براہ راست بات نہیں کی ہے لیکن میں درست وقت پر ان کے ساتھ بات کروں گا۔روڈریگیز نکولس مادورو کی نائب صدر تھیں، تاہم امریکی حملے کے بعد مادورو کو امریکہ لے جانے کے بعد انہوں نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ وینزویلا کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہے اور ان افراد کے ساتھ معاملات چلا رہا ہے جنہوں نے حال ہی میں عہدہ سنبھالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے یہ سوال نہ پوچھیں کہ کس نے کنٹرول سنبھالا ہوا ہے کیونکہ میں آپ کو ایک جواب دوں گا اور یہ بہت متنازعہ ہوگا۔ اس کا مطلب ہے ’’ہم نے کنٹرول سنبھالا ہوا ہے، ہم نے ہی کنٹرول سنبھالا ہوا ہے۔‘‘
ٹرمپ نے دی اٹلانٹک کے ساتھ ایک حالیہ ٹیلی فونک انٹرویو میں دیئے گئے بیان کو دہراتے ہوئے خبردار کیا کہ روڈریگیز اگر درست کا م کرنے میں ناکام رہیں تو انہیں مادورو سے بھی بدترین انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر مادورو سے بدترین صورتحال کا سامنا کریں گی کیونکہ آپ جانتے ہیں مادورو نے فوری طور پر ہتھیار ڈال دیئے تھے۔
مادورو کی گرفتاری کے چند گھنٹے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو کی روڈریگز سے فون پر بات ہوئی ہے اور وائٹ ہاؤس ان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا وہ (روڈریگز) بنیادی طور پر وہ سب کچھ کرنے پر آمادہ ہیں جو ہمارے خیال میں وینزویلا کو دوبارہ عظیم بنانے کے لئے ضروری ہے۔


