بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم ڈنگ شوئے شیانگ نے اتوار کو بیجنگ میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے نئے دور میں چین-پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے اور دونوں عوام کی فلاح و بہبود کو مزید بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
چین اور پاکستان کے درمیان وقت کے ساتھ مضبوط ہونے والی آہنی دوستی کو سراہتے ہوئے ڈنگ شوئے شیانگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے گزشتہ سال ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے اہم اور مشترکہ مفاہمت کی۔
ڈنگ شوئے شیانگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تزویراتی رہنمائی کے مطابق کام کرنے، سیاسی باہمی اعتماد اور حمایت کو مضبوط کرنے، ترقیاتی منصوبوں کو بہتر ہم آہنگ کرنے، عملی تعاون کے معیار اور نتائج کو بہتر بنانے اور اہم بین الاقوامی و علاقائی امور میں رابطہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔ پاکستان ایک چین کے اصول کی پاسداری کرتا ہے اور چین کے ساتھ قائم 75 سالہ سفارتی تعلقات کی سالگرہ کو موقع بنا کر پاکستان اور چین کے درمیان تعاون پر مبنی سدا بہار تزویراتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔


