اوسلو(شِنہوا) 2025 میں ناروے کی نئی گاڑیوں کی مارکیٹ میں چینی کار برانڈز نے اپنے قدم جمانے کا سلسلہ جاری رکھا اور نئی رجسٹرڈ ہونے والی تمام مسافر گاڑیوں میں ان کا حصہ 13.7 فیصد رہا۔
ناروے روڈ ٹریفک انفارمیشن کونسل (او ایف وی) کے مطابق اس شمالی یورپی ملک میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ایک ریکارڈ سال رہا جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب بھی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔
او ایف وی کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں ناروے میں ایک لاکھ 79 ہزار 550 نئی مسافر گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئیں جو 2021 میں قائم ہونے والے سالانہ ریکارڈ سے زیادہ ہیں۔ اس دوران 2025 میں نئی مسافر گاڑیوں کی فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 95.9 فیصد تک پہنچ گیا۔
او ایف وی نے بتایا کہ 2025 میں چینی ساختہ 24 ہزار 524 نئی مسافر گاڑیاں رجسٹرڈ کی گئیں جو ایک سال قبل 10.4 فیصد حصے کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
یہ سال چینی برانڈز کے لئے خاص طور پر مضبوط اختتام کا حامل رہا جنہوں نے دسمبر 2024 میں 7.7 فیصد مارکیٹ شیئر کے مقابلے میں دسمبر 2025 میں 17 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیا۔
او ایف وی کے مطابق بی وائی ڈی 2025 میں ناروے میں چینی گاڑیوں کا سب سے بڑا برانڈ رہا اور برانڈز کی فہرست میں 10 ویں نمبر پر آیا۔ اس کی بڑی وجہ بی وائی ڈی سی لائن 7 ماڈل کی بھرپور فروخت تھی۔ دسمبر میں بی وائی ڈی سب سے زیادہ رجسٹر ہونے والے برانڈز میں 7ویں نمبر پر آ گیا جبکہ سی لائن 7 ماہانہ ماڈل کی فہرست میں چھٹے نمبر پر رہا۔
او ایف وی کے ڈائریکٹر گیئر انگ سٹوک نے کہا کہ چینی کار ساز ادارے کم وقت میں ناروے کی منڈی کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں اور مرکزی حصوں میں مسابقتی الیکٹرک ماڈلز پیش کر رہے ہیں۔


