پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے 2025ء میں 2538 دل کے آپریشنز کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا، آپریشنز میں 316 بچوں کی اوپن ہارٹ سرجریز بھی شامل ہیں۔
ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کے مطابق پی آئی سی کی او پی ڈی میں 2025ء کے دوران ایک لاکھ 27 ہزار 748 دل کے مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں 22ہزار 563بچے بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ سال 19ہزار 583مریضوں کی انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی گئیں جبکہ ایک ہزار 222بچوں کے دل کے سوراخ ڈیوائس کے ذریعے بند کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق ہسپتال ایمرجنسی میں 23ہزار 101مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ صحت کارڈ کے تحت 28ہزار 115مریضوں کو انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، دل کے آپریشنز اور دیگر علاج معالجہ مفت فراہم کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق پی آئی سی میں بغیر سینہ چاک کئے 37 ٹاوی اور 3 مائٹرل کلپ سرجریز بھی کی گئیں، علاوہ ازیں دیگر صوبوں اور پڑوسی ملک افغانستان کے مریضوں کو بھی بہترین طبی سہولیات دی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ تقریبا 1200 افغان مریضوں کا او پی ڈی میں علاج معالجہ جبکہ 200 سے زائد کی انجیو گرافی ، انجیو پلاسٹی اور دل کی سرجریز کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ سال ایک دن میں 14 ٹاوی سرجریز کر کے پی آئی سی نے عالمی ریکارڈ بنا کر پاکستان کیلئے اعزاز حاصل کیا۔


