سندھ حکومت نے مستقبل میں تمام سرکاری ترقیاتی منصوبوں کی لوکیشن کی تصدیق جی پی ایس سسٹم کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
جمعہ کو وزیر منصوبہ بندی و ترقی سندھ جام خان شورو کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی سید نجم احمد شاہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کیلئے پہلی بار جدید کمپیوٹر سافٹ ویئر کے استعمال کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
جام خان شورو نے کہا کہ کمپیوٹر سافٹ ویئر کے استعمال سے منصوبوں کی مانیٹرنگ میں مزید بہتری آئے گی، اب تمام ترقیاتی منصوبوں کی لوکیشن کی تصدیق جی پی ایس سسٹم کے ذریعے کی جائے گی جبکہ پرانے طریقہ کار میں موجود ڈیٹا کی ممکنہ خرابیوں کو دور کرنے کیلئے براہِ راست جانچ بھی کی جائے گی۔
انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو نئے ترقیاتی منصوبوں کو عالمی ترقیاتی اہداف کے مطابق ترتیب دینے کا حکم دیا۔


