راولپنڈی میں غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون کو قطر سے لا کر قتل کردیا گیا۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے نوٹس لینے پر پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئیں۔
سب انسپکٹر آصف اقبال خان کی مدعیت میں غیرت کے نام پر قتل اور اعانت جرم کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ سمیرہ عزیز ایک ہفتہ قبل قطر سے اپنے شوہر سلیمان اور چچوں شوکت اور فیصل کے ہمراہ پاکستان آئی تھی۔
شام کے وقت ولید، اسرار اور صابر گھر میں آئے، جہاں انہوں نے کچھ دیر بیٹھ کر مشورہ کیا۔
مقتولہ کی ہمشیرہ ثناء خان نے بتایا کہ اس دوران قطر سے سلیمان کی ویڈیو کال آئی جس میں چچی سعیدہ کو کہا گیا کہ سمیرہ کو ٹھکانے لگا دو، اس کے بعد ولید اور اسرار نے پستول نکال کر سمیرہ عزیز پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئی۔
فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ چچا شوکت اور فیصل مقتولہ کی نعش کو گاڑی میں ڈال کر ہسپتال لے گئے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کا چچا امتیاز اور شوہر سلیمان بیرون ملک فرار ہیں جبکہ ولید، اسرار اور صابر کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔


