چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے پانچ اجلاس طلب کرلئے گئے ہیں جو 12 سے 15 جنوری کو ہونگے، ان اجلاسوں میں پانچوں ہائیکورٹس میں 40 ایڈیشنل ججوں کی مستقلی کے فیصلے کئے جائینگے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کی زیر صدارت تمام اجلاس سپریم کورٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہونگے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3، بلوچستان ہائیکورٹ کے 2، سندھ ہائیکورٹ کے 12، پشاور ہائیکورٹ کے 10 جبکہ لاہور ہائیکورٹ کے 13 ایڈیشنل ججوں کی مستقلی پر غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ایڈیشنل ججز کی مستقلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بارہ جنوری کو طلب کیا گیا ہے جس میں جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس کی مستقلی پر غور ہوگا، بلوچستان ہائیکورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز کی مستقلی کیلئے 12 جنوری کوطلب کئے گئے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس ایوب خان اور جسٹس نجم الدین مینگل کی مستقلی پر غور ہوگا، سندھ ہائیکورٹ کے 12 ایڈیشنل ججز کی مستقلی کیلئے جوڈیشل کمیشن اجلاس کا 13 جنوری کو ہوگا جس میں جسٹس میران محمد شاہ، جسٹس تسلیم سلطانہ، جسٹس ریاض علی سحر، جسٹس محمد حسن اکبر، جسٹس خالد حسین شہانی، جسٹس عبدالحامد بھرگی، جسٹس سید فیاض الحسن شاہ، جسٹس جان علی جونیجو، جسٹس ناصر احمد بھنبوڑو، جسٹس علی حیدر ادا، جسٹس عثمان علی اور جسٹس محمد جعفر رضا کی مستقلی پر غور ہوگا، اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچز کی مدت میں توسیع پر بھی غور کیا جائیگا۔
پشاور ہائیکورٹ کے دس ایڈیشنل ججز کی مستقلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 14جنوری کو سپریم کورٹ میں ہوگا جس میں پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد طارق آفریدی، جسٹس عبدالفیاض اور جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس صبغت اللہ، جسٹس صلاح الدین، جسٹس صادق علی، جسٹس مدثر امیر، جسٹس اورنگزیب اور جسٹس قاضی جواد احسان اللہ کی مستقلی پر غور ہوگا۔
لاہور ہائیکورٹ کے 13ایڈیشنل ججز کی مستقلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 15جنوری کو ہوگا جس میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا، جسٹس ملک جاوید اقبال، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چوہدری سلطان محمود، جسٹس راجہ غضنفر علی، جسٹس تنویر احمد شیخ، جسٹس طارق محمود باجوہ اور جسٹس عبہر گل کی مستقلی پر غور ہوگا۔


