سکاٹ لینڈ اوپن جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں شرکت کرنیوالے دو پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹائٹل جیت لئے، پاکستان سکواش فیڈریشن کے فیصلے کے برخلاف محمد سہیل عدنان اور محمد مصطفی خان نے ایونٹ میں شرکت کی۔
سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں منعقدہ چیمپین شپ کے بوائز انڈر 15 ایونٹ میں ٹاپ سیڈ محمد سہیل عدنان نے سیڈ 2 چین کے یوان زی لیو کو آسان مقابلے کے بعد مات دی، محمد سہیل عدنان نے پہلا گیم 5-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں 9-11سے کامیابی پائی، تیسرے گیم میں سہیل عدنان کو 7-9 کی سبقت حاصل تھی کہ اس مرحلے پر انکے حریف ریٹائرڈ ہرٹ کی بنیاد پر مقابلے سے دستبردار ہوگئے۔
سہیل عدنان نے سیمی فائنل میں سیڈ 3 قطر کے عمر فراغ کو شکست دی تھی۔
پاکستان کے دوسرے کھلاڑی محمد مصطفی خان نے بوائز انڈر 13 کے فائنل میں سیڈ 2 ہانگ کانگ، چائنا کے نکولس من سو چو کو کوئی گیم ہارے بغیر 0-3 سے زیر کیا، کوالیفائر محمد مصطفی خان نے پہلا گیم 3-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں7-11 میں فتح حاصل کی اور پھر تیسرا گیم 5-11 سے جیت کر چیمپئن بن گئے، انہوں نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ کھلاڑی ملائیشیا کے احمد نظرل کو 0-3 سے ہرایا تھا۔


