پاکستان سپورٹس بورڈ نے عرصہ دراز سے کارکردگی نہ دکھانے اور غیر فعال رہنے والی قومی کھیلوں کی مختلف فیڈریشنوں کو نوٹس جاری کئے تھے جس کے ملتے ہی مختلف فیڈریشنیں متحرک ہوگئی ہیں۔
اس سلسلے میں جوڈو اور تائیکوانڈو فیڈریشن نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے جنرل کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس طلب کر لئے ہیں جبکہ نیٹ بال فیڈریشن نے پابندی کا فیصلہ مسترد کر دیا اور عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے دو روز قبل پاکستان جوڈو، پاکستان تائیکوانڈو اور پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹریز کو 7روز میں عہدوں سے دستبرار ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے نوٹس جاری کئے تھے، پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے نیٹ بال فیڈریشن کے عہدیداران پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
پاکستان تائیکواڈو فیڈریشن کا اجلاس کل ہوگا، فیڈریشن کے صدر کرنل(ر) وسیم نے کہا ہے کہ وہ قومی سپورٹس پالیسی پر مکمل عمل کرینگے اور فیڈریشن کے آئین کیخلاف کوئی فیصلہ نہیں کر سکتے، قومی سپورٹس پالیسی میں دو ٹرم کے علاوہ بھی کئی اہم باتیں ہیں جس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود خان نے کہا ہے کہ نوٹس موصول ہوگیا ہے 6 جنوری کو ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس کی روشنی میں فیصلہ کیا جائیگا۔
دوسری جانب پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا اجلاس آن لائن ہوا جس میں پابندی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا گیا۔


