نیشنل اکائونٹس کمیٹی نے رواں مالی سال 2025-26ء کی پہلی سہ ماہی کیلئے 3.7 فیصد معاشی شرحِ نمو کی منظوری دیدی ہے۔
جاری اعداد و شمار کے پہلی سہ ماہی میں مجموعی قدرِ افزائش 3.71 فیصد رہی، بجلی و گیس کے شعبے میں 25 فیصد سے زائد، تعمیراتی شعبے میں 21 فیصد سے زائد جبکہ چاول کی پیداوار میں بھی غیر متوقع اضافہ دیکھا گیا۔
کاشت کے رقبے میں 3.6 فیصد کمی کے باوجود چاول کی پیداوار 2.5 فیصد بڑھ کر تقریبا ایک کروڑ ٹن تک پہنچی۔
پلاننگ کمیشن کے مطابق سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 744 ارب روپے کے براہِ راست و بالواسطہ نقصانات ہوئے، جن کا بڑا حصہ زرعی شعبے کو برداشت کرنا پڑا۔
نیشنل اکائونٹس کی جانب سے جولائی تا ستمبر سہ ماہی کیلئے زراعت میں 2.9 فیصد، صنعت میں 9.4 فیصد اور خدمات کے شعبے میں 2.4 فیصد نمو کی منظوری دی گئی ہے۔


