گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں سیاسی مسئلے کا حل سیاستدان نکالیں، پی ٹی آئی کو ایک دوسرے پر اعتماد نہیں، فیصلہ کرلے اختیار کس کے پاس ہے؟۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا کہ مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں کی جائے گی وہ عدالتوں کی جانب سے دی گئی سزا بھگتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق پیپلز پارٹی سے ابھی بات نہیں ہوئی، مذاکرات کی بات ہوتی تو چیئرمین پیپلز پارٹی کوئی بیان دیتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، ماضی میں بھی پی ٹی آئی نے مذاکرات کو سبوتاژ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 مہینے کی حکومت میں ہم نے اتحادیوں اور پی ٹی آئی کو بٹھایا تھا، اس کے بعد پی ٹی آئی نے 9مئی جیسے واقعات کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ سیاسی مسئلے کا حل سیاستدان نکالیں، پی ٹی آئی قیادت ایک طرف کہتی ہے کہ مذاکرات کرتے ہیں، دوسری طرف بانی پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کا کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فیصلہ کرلے کہ ان کا اختیار کس کے پاس ہے؟، انہیں ایک دوسرے پر اعتماد ہی نہیں ہے۔


