ڈھاکہ(شِنہوا)بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی چیئر پرسن خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں علالت کے باعث دارالحکومت ڈھاکہ میں انتقال کر گئیں۔ بی این پی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق ان کا انتقال منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق تقریباً 6 بجے ہوا۔
دوسری جانب ڈیلی سٹار نے رپورٹ کیا ہے کہ خالدہ ضیا کی وفات ڈھاکہ کے ایک ہسپتال میں ہوئی، جہاں وہ زیر علاج تھیں۔ وہ طویل عرصے سے متعدد بیماریوں میں مبتلا تھیں اور نومبر 2025 کے آخر میں دل کی پیچیدگیوں اور پھیپھڑوں کے انفیکشن کی تشخیص کے بعد ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔
خالدہ ضیا پہلی بار فروری 1991 میں وزیراعظم منتخب ہوئیں اور ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔ اکتوبر 2001 میں دوبارہ منتخب ہوئیں۔ فروری 2018 میں بدعنوانی کے الزامات میں سزا دیئے جانے کے بعد انہیں قید کیا گیا۔ اگست 2024 میں بنگلہ دیشی صدر کے دفتر نے اعلان کیا کہ خالدہ ضیا کو رہا کر دیا گیا ہے۔


