بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ دنیا کے ممالک کی بڑھتی ہوئی تعداد چین کے ساتھ کھڑی ہے اور ایک چین کے اصول پر کاربند ہیں، وہ تسلیم کرتے ہیں کہ تائیوان چین کا اٹوٹ انگ ہے اور تائیوان کی آزادی کی کسی بھی علیحدگی پسند کوششوں کی مخالفت کرتے ہیں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہ بات بین الاقوامی صورتحال اور 2025 میں چین کے خارجہ تعلقات کے موضوع پر ہونے والے ایک سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے تائیوان کی آزادی چاہنے والے تمام علیحدگی پسند اقدامات کی واضح مخالفت کی ہے اور چین کے اتحاد کے عظیم مقصد کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی رجحان میں رکاوٹ ڈالنے والی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال تائیوان کی چین کو واپسی کی 80 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چین کا مکمل دوبارہ اتحاد ایک تاریخی مشن ہے جسے ہر صورت پورا کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ قانون کے مطابق قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہے۔
وانگ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تائیوان کا معاملہ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور یہ چین کے بنیادی قومی مفادات کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’تائیوان کی آزادی‘ کی قوتوں کی مسلسل اشتعال انگیزی اور امریکہ کی جانب سے تائیوان کو بڑے پیمانے پر اسلحے کی فروخت کے تناظر میں چین کا سخت مخالفت کا اظہار کرنا اور مضبوط جوابی اقدامات کرنا بالکل فطری امر ہے۔


