منگل, دسمبر 30, 2025
ہومانٹرٹینمنٹ2025،پاکستانی شوبز میں شادیوں کا سال، متعدد جوڑے بنے، کئی نے منگنی...

2025،پاکستانی شوبز میں شادیوں کا سال، متعدد جوڑے بنے، کئی نے منگنی یا نکاح کیا

اختتام پذیر ہونیوالا سال 2025 جہاں ملک کیلئے دیگر شعبوں میں کامیابیاں و کامرانیاں لانے کا باعث بنا وہاں پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں شادیوں کا سال بھی رہا اور رواں سال کے دوران شوبز انڈسٹری میں درجنوں جوڑے بنے، سال کے آغاز میں اداکارہ کبری خان اور اداکار گوہر رشید کی شادی سے شروع ہونیوالا شادیوں کا سیزن گزشتہ روز اداکار ضرار خان کے نکاح تک جاری رہا، سال بھر متعدد معروف اداکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو کر نئی زندگی کا آغاز کیا تو چند شخصیات نے اچانک نکاح یا منگنی کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔

شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی اداکارہ کبری خان اور اداکار گوہر رشید نے رواں سال کے آغاز میں اپنی شادی کا اعلان کیا اور فروری میں مکہ مکرمہ میں نکاح کے بندھن میں بندھے، بعدازاں کراچی میں شادی کی دیگر تقریبات منعقد ہوئیں جنہیں اہلخانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی نے یادگار بنا دیا۔

خوبرو اداکارہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی بھی رواں سال فروری میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے، دوستی سے رشتہ ازدواج تک پہنچنے والی اس جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بے پناہ محبت ملی۔ اداکارہ نیلم منیر نے دبئی میں مقیم آفیسر محمد راشد سے اچانک شادی کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا، اداکارہ نے شادی کی دلکش جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

سینئر اداکارہ بینا چوہدری کی صاحبزادی نوجوان اداکارہ حریم سہیل نے 2025میں اپنے قریبی دوست سے شادی کی، اہلخانہ اور دوستوں کی موجودگی میں سادہ مگر پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

باصلاحیت اداکار احمد علی اکبر نے کانٹینٹ کری ایٹر ماہِم بتول سے نکاح کیا۔ ڈرامہ سیریل مائی ری سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ نین سکھ نے بھی 2025 کے آغاز میں شادی کی، انکی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔

سپر ماڈلز سبحان عمئیس اور عبیر اسد خان نے اچانک اپنی شادی کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا، انکی شادی کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچائی تاہم چند ماہ بعد ہی دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔ ملکہ ترنم نور جہاں کے نواسے اداکار اور بزنس مین سکندر رضوی نے کراچی میں ہسپانوی خاتون آئرین سے شادی کی۔

اداکار و ماڈل عمر شہزاد اور ماڈل شانزے لودھی نے بھی مکہ مکرمہ میں نکاح کیا اور کراچی میں شادی کی دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ریحام رفیق نے بھی 2025 میں شادی کر لی۔

اداکارہ مہرالنسا اقبال نے برطانیہ میں پاکستانی نژاد برطانوی شہری سے شادی کی، انکے شوہر کا تعلق شوبز سے نہیں ہے۔ معروف وی جے، اینکر اور اداکارہ انوشے اشرف نے 40بہاریں دیکھنے کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ کر ثابت کر دیا شادی کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں، انکی شادی کی شاندار تقریب میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی، برطانوی شہری شہاب رضا سے انکا نکاح گزشتہ برس ہو چکا تھا۔

مرحوم لیجنڈری اداکار طلعت حسین کی صاحبزادی و اداکارہ تزئین حسین نے پرانے دوست امیر سیدین سے دوسری شادی کی۔ مشہور کامیڈین کاشف خان کی صاحبزادی اور ٹک ٹاکر ربیکا خان اور کانٹینٹ کری ایٹر حسین ترین کی شادی کا سلسلہ سال بھر چلتا رہا، گزشتہ ماہ شادی کی دیگر تقریبات منعقد ہوئیں۔

عالمی شہرت یافتہ مشہور گلوکارہ آئمہ بیگ نے معروف پاکستانی برانڈ راستہ کے بانی زین احمد سے کینیڈا میں سادگی سے نکاح کیا۔بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے معروف گلوکار حسن رحیم کی شادی بھی 2025کی مقبول ترین شوبز شادیوں میں شامل رہی۔

تھیٹر سے وابستہ اور ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے میں مصروف اداکارہ فجر شیخ نے بھی اسی سال شادی کرلی۔معروف اینکر حنا نیازی نے بھی 2025 میں شادی کر لی، انکی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور مداحوں کی جانب سے خوب توجہ حاصل کی۔ سوشل میڈیا انفلوئنسر و ابھرتے ہوئے اداکار خاقان شاہنواز اور اداکارہ سبینہ سید نے رواں برس اپنی منگنی کا اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا، جوڑا جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیگا۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا آفریدی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر تیموری نے ایک خوبصورت ویڈیو کے ذریعے منگنی کا اعلان کیا، جوڑا 16 جنوری 2026 کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیگا۔

سال ختم ہونے سے قبل ابھرتے ہوئے اداکار ضرار خان بھی شادی و نکاح کے بندھن میں منسلک ہونے والوں میں شامل ہوگئے، انہوں نے تصاویر شیئر کرکے کاروباری خاتون مومل خان سے اپنے نکاح کا اعلان کر دیا، انکا نکاح 28 دسمبر کو قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں ہوا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!