بیجنگ(شِنہوا)چین نے علاقے تائیوان کو بڑے پیمانے پر اسلحے کی فروخت کے حالیہ امریکی اقدام کے جواب میں فوج سے متعلقہ چند امریکی کمپنیوں اور ان کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف جوابی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ امریکہ نے حال ہی میں چین کے تائیوان علاقے کو بڑے پیمانے پر اسلحے کی فروخت کا اعلان کیا جو ایک چین کے اصول اور چین اور امریکہ کے 3 مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے اور چین کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے نقصان دہ ہے۔
جوابی اقدامات کے اہداف کی منسلک فہرست میں شامل 20 امریکی کمپنیوں کی چین میں تمام جائیدادیں اور دیگر اثاثے منجمد کئے جائیں گے اور چین میں تمام تنظیموں اور افراد کے لئے ان کے ساتھ لین دین، تعاون اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینا ممنوع ہوگا۔
جوابی اقدامات کے اہداف کی منسلک فہرست میں شامل 10سینئر عہدیداروں کی چین میں تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں اور دیگر اثاثے منجمد کئے جائیں گے، چین میں تمام تنظیموں اور افراد کے لئے ان کے ساتھ لین دین، تعاون اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینا ممنوع ہوگا اور انہیں چین (ہانگ کانگ اور مکاؤ سمیت) میں ویزا یا داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ فیصلہ 26 دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔


