چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے دختر مشرق بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بی بی جمہوریت کی نڈر آواز، مظلوموں کی امید ،آمریت، انتہاپسندی و عدم برداشت کیخلاف مزاحمت کی ناقابلِ تسخیر علامت تھیں، بینظیر بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط، قومی خودمختاری کا تحفظ، عالمی سطح پر ملکی ترقی پسند اور باوقار شناخت بحال کی۔
بینظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ دختر مشرق کی زندگی جرات اور ہمدردی کا نادر امتزاج تھی، ان کی عظیم قربانی خون سے لکھا عہد ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کبھی سرنڈر نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو محض ایک رہنماء نہیں تھیں بلکہ وہ جمہوریت کی نڈر آواز، مظلوموں کی امید اور آمریت، انتہاپسندی و عدم برداشت کے خلاف مزاحمت کی ناقابلِ تسخیر علامت تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے وزیراعظم کی حیثیت سے شدید مشکلات کے باوجود عوام دوست پالیسیوں کو فروغ دیا، پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا، قومی خودمختاری کا تحفظ کیا اور عالمی سطح پر ملک کی ترقی پسند اور باوقار شناخت بحال کی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو والد ،بھائیوں کی شہادت اور برسوں کی اذیتوں کے باوجود جمہوریت کی جدوجہد میں آخری دم تک بلا خوف و خطر کھڑی رہیں، یہاں تک کہ جامِ شہادت نوش کیا۔


