بیجنگ(شِنہوا)چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) اور وزارت تجارت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزا صنعتوں کی فہرست کا 2025 کا نیا ورژن جاری کر دیا ہے، جس میں غیر ملکی سرمائے کو مزید موثر انداز میں متوجہ کرنے اور استعمال کرنے کے لئے اہم اقدامات کی وضاحت کی گئی ہے۔
این ڈی آر سی نے بتایا کہ یہ فہرست، جس کا اطلاق یکم فروری 2026 سے ہوگا، چین میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایک اہم پالیسی کی عکاسی کرتی ہے، یہ مخصوص صنعتوں اور خطوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی رہنمائی کے لئے ایک کلیدی پالیسی دستاویز بھی ہے۔
اس نئی فہرست کےمتعارف کرانے کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری کو مستحکم کرنے کے حوالے سے چینی حکومت کے فیصلوں اور منصوبوں پر عمل درآمد کرنا ہے۔ اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو جدید مینوفیکچرنگ، جدید سروسز، ہائی ٹیک، توانائی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں کے ساتھ ساتھ وسطی، مغربی اور شمال مشرقی خطوں کی جانب راغب کرنا مقصود ہے۔
2022 کے ورژن کے مقابلے میں نئی دستاویز میں مجموعی طور پر 205 نئی اشیاء کا اضافہ کیا گیا ہے اور 303 ترامیم کی گئی ہیں۔ مثال کے طور پر جدید مینوفیکچرنگ کے شعبے میں، اس شعبے کی صنعتی چین اور سپلائی چین کی ترقی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ٹرمینل مصنوعات، پرزہ جات اور خام مال جیسی متعلقہ اشیاء کا اضافہ اور وسعت دی گئی ہے۔


