سال 2025ء میں وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں 45 فیصد، حادثات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 2025ء کی پرفارمنس آڈٹ رپورٹ جاری کر دی۔
چیف ٹریفک افسر اسلام آباد حمزہ ہمایوں کے مطابق رواں سال ٹریفک قوانین خلاف ورزیوں میں 45 فیصد جبکہ ٹریفک حادثات کی شرح میں 22 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موبائل فون استعمال کرنے پر 7ہزار 931جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر65ہزار 784افراد کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 120 ڈرائیونگ لائسنس اور 90 روٹ پرمٹس معطل کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کالے شیشوں اور غیر قانونی نمبر پلیٹس والی 21ہزار 168گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں اس مد میں خلاف ورزیوں میں 12 فیصد کمی واقع ہوئی، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 5 چیک پوائنٹس پر 88ہزار سے زائد روڈ یوزرز کو چیک کیا گیا جبکہ 2100شہریوں کو مختلف نوعیت کی مدد فراہم کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ لائسنسنگ مہم کے نتیجے میں لائسنس ہولڈرز کی شرح 37 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
رواں سال 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔


