وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام، اصلاحات و پالیسیوں کے تسلسل سے ملکی و عالمی سطح پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان پائیدار طویل المدتی ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے، معیشت استحکام کے مرحلے سے نکل کر برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مالی سال کا آغاز بہتر معاشی بنیادوں کے ساتھ کیا ہے، پرائمری بجٹ اور کرنٹ اکائونٹ سرپلس حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل خساروں کے چکر سے نکلنے کی واضح علامات ہے، ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ اس بہتری کا اہم سبب بنا، مہنگائی 38فیصد کی بلند ترین سطح سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے، ملکی زر مبادلہ ذخائر 14.5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، شرح مبادلہ میں استحکام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں 2.7 فیصد معاشی نمو مثبت ضرور ہے، معاشی نمو تیزی سے بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کھپت، قرضوں پر مبنی ترقی کے ماڈل سے ہٹ کر برآمدات پر مبنی حکمت عملی اختیار کر رہی ہے۔


