شین یانگ(شِنہوا)چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ نے نئے طرز کے پیشہ ور کسانوں کے لئے پیشہ ورانہ عہدے متعارف کرانے کے لئے ایک مسودہ جاری کیا ہےجس کا مقصد اعلیٰ معیار کی زرعی افرادی قوت تیار کرنا اور دیہی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
صوبائی محکمہ زراعت و دیہی امور کے مطابق اہل کسانوں کے پاس صوبے کے دیہی علاقوں میں گھریلو رجسٹریشن ہونا ضروری ہے اور انہیں کاشتکاری، مویشی پروری یا دیہی خدمات میں عملی مہارت حاصل ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ انہیں مثالی کردار ادا کرنا چاہیے اور زراعت کو اپنی آمدنی کا بنیادی ذریعہ بنانا چاہیے۔
ان پیشہ ورانہ عہدوں میں جونیئر، انٹرمیڈیٹ، ایسوسی ایٹ سینئر اور سینئر کے 4 درجے شامل ہیں۔ جانچ کے عمل میں زرعی علوم، باغبانی، مویشی پروری اور زرعی مشینری جیسے شعبے شامل ہیں۔
یہ عہدے حاصل کرنے والے کسانوں کو دیہی خدمات کے عہدوں پر تقرری میں ترجیح دی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہیں نئی ٹیکنالوجی کی تربیت اور جدید زرعی طریقوں کے آزمائشی منصوبوں تک ترجیحی رسائی بھی حاصل ہوگی۔


