پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بیرون ملک کھیلنے والوں کیلئے سخت پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت بیرون ملک کھیلنے کیلئے کھلاڑیوں کو فیڈریشن کا این او سی لینے کا پابند بنایا جائیگا، این او سی لازمی قرار دینے کیلئے فیڈریشن حکومت سے بھی بات کریگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے بیرون ملک کھیلنے کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور بیرون ملک کھیلنے کیلئے ایک طریقہ کار کے مطابق ہی کھلاڑی جا سکیں گے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس ہفتے کو لاہور میں منعقد ہورہا ہے جس میں بیرون ملک کھیلنے والے کھلاڑیوں کے حوالے سے فیصلے ہونگے، جنرل کونسل کے اجلاس میں عبیداللہ راجپوت کے معاملے پر بھی بات ہوگی۔


