کویت سٹی(شِنہوا)کویت کی وزارت عوامی تعمیرات اور چائنہ کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ (سی سی سی سی) نے شمالی جہرا گورنریٹ کے بوبیان جزیرے پر مبارک الكبير بندرگاہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے لئے انجینئرنگ، خریداری اور تعمیراتی (ای پی سی) معاہدے پر دستخط کر دیئے۔
دستخط کی تقریب میں کویتی وزیراعظم شیخ احمد عبداللہ الصباح، کابینہ کے وزراء، چینی سفارت خانے اور چینی کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
اپنی تقریر میں کویتی وزیراعظم نے اس منصوبے کو کویت اور چین کی مضبوط دوستی اور تعاون کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات طویل اور مستحکم تاریخی بنیاد پر قائم ہیں اور کویتی-چینی تزویراتی شراکت داری کو مسلسل عملی نتائج میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
چینی سفارت خانے کے ناظم الامور لیو شیانگ نے معاہدے پر دستخط کو دوطرفہ تعاون کے معاہدوں کے نفاذ اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے لئے ایک اہم کامیابی قرار دیا۔ لیو شیانگ نے کہا کہ یہ منصوبہ کویت کی اقتصادی تنوع اور 2035 کے وژن کی حمایت کرے گا۔
سی سی سی سی کے ڈپٹی جنرل منیجر چھن ژونگ نے کہا کہ یہ کمپنی کا مشرق وسطیٰ کا پہلا بندرگاہ منصوبہ ہے جو جزوی طور پر چینی معیارات کے مطابق تعمیر کیا جائے گا اور ابتدا سے ہی سی سی سی سی کی ٹیکنالوجی اور مہارت استعمال ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی سی سی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ یہ بندرگاہ کویت-چین تعاون کی ایک مثال بنے۔
مبارک الكبير بندرہ گاہ کویت کے خطے میں تجارتی مرکز قائم کرنے اور معیشت کو متنوع بنانے کے منصوبے کا مرکزی حصہ ہے۔ یہ منصوبہ کویت وژن 2035 کے تحت بہت اہمیت کا حامل ہے۔


