واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ کی جنوبی کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے مشرقی بحرالکاہل میں بین الاقوامی پانیوں میں مبینہ طور پر منشیات لے جانے والی ایک کشتی کو حملہ کر کے ڈبو دیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
جنوبی کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی ہدایت پر امریکی مشترکہ ٹاسک فورس سدرن سپیئر نے بین الاقوامی پانیوں میں نامزد دہشت گرد تنظیموں کے زیرِ استعمال کشتی پر ایک ہلاکت خیز حملہ کیا۔
بیان میں کہا گیاہے کہ انٹیلی جنس نے تصدیق کی ہے کہ یہ کشتی مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے معروف راستوں پر چل رہی تھی اور منشیات کی سمگلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تھی،حملے میں ایک مرد دہشت گرد ہلاک ہوا۔
پینٹاگون ستمبر کے اوائل سے اب تک کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں مبینہ طور پر منشیات لے جانے والی 29 سے زائد کشتیوں کو حملے کرکے ڈبو چکا ہے، ان کارروائیوں میں ان کشتیوں پر سوار کم از کم 105 افراد ہلاک ہوئے۔


