بیت المقدس/بیروت(شِنہوا)اسرائیل اور لبنان کے درمیان سکیورٹی مکالمے کے حصے کے طور پر مذاکرات ہوئے جس میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور لبنان کے جنوبی سرحدی دیہات میں رہائشیوں کی واپسی پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اسرائیلی اور لبنانی ذرائع کے مطابق امریکی معاونت سے ہونے والا یہ اجلاس جنوب مغربی لبنان میں اسرائیلی سرحد کے قریب نقورہ قصبے میں منعقد ہوا۔ مذاکرات میں اسرائیل کی نمائندگی قومی سلامتی کونسل میں خارجہ پالیسی کے متعلق ڈپٹی ڈائریکٹر یوسف دریزنن نے کی جبکہ لبنان کے وفد کی قیادت اقوام متحدہ میں سابق لبنانی سفیر سائمن کرم نے کی۔
اسرائیل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس میں حزب اللہ کوغیر مسلح کرنے اور معاشی منصوبوں کو آگے بڑھانے پر غور کیا گیا، جو حزب اللہ کامقابلہ کرنے اور سرحد کے دونوں اطراف آباد افراد کی طویل المدتی سلامتی کو یقینی بنانے کی باہمی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
لبنان کے صدارتی دفتر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران کرم نے بے گھر ہونے والے دیہاتیوں کی محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو واپسی یقینی بنانے کی انسانی اور قومی اہمیت کے متعلق لبنان کا مضبوط موقف پیش کیا۔


