ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) میں ایک رہائشی کمپلیکس میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 161 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے تمام متاثرین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ایچ کے ایس اے آر کی حکومت کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
ہانگ کانگ پولیس نے ابتدا میں آگ سے متاثرہ عمارتوں سے 160 لاشیں برآمد کی تھیں۔ بعد ازاں فرانزک تجزیے سے معلوم ہوا کہ ایک نمونے میں 2 افراد کا ڈی این اے موجود ہے جس سے تصدیق ہوئی کہ یہ ایک جوڑے سے تعلق رکھتا ہے۔
یہ آگ 26 نومبر کو شہر کے تائی پو ضلع میں واقع رہائشی کمپلیکس وانگ فوک کورٹ میں لگی تھی جس نے کمپلیکس کی 7 عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔


