شنگھائی(شِنہوا)چین کی مقامی گیم مارکیٹ نے 2025 میں 350 ارب یوآن (تقریباً 49.6 ارب امریکی ڈالر) سے زائد کی حقیقی فروخت آمدن حاصل کی جو گزشتہ سال سے 7.68 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
ایک صنعتی رپورٹ کے مطابق اس سال چین بھر میں گیم مارکیٹ سے وابستہ صارفین کی تعداد 6 کروڑ 83 لاکھ رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.35 فیصد زائد ہے۔ یہ رپورٹ چین آڈیو ویڈیو اور ڈیجیٹل پبلشنگ ایسوسی ایشن نے شنگھائی میں منعقد ہونے والی چین کی گیم انڈسٹری کی سالانہ کانفرنس 2025 کے دوران جاری کی گئی۔
رپورٹ میں چین کی مقامی طور پر تیار کردہ گیمز کی اندرون ملک اور بیرون ملک مضبوط کارکردگی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ رواں سال چینی گیمز نے ملکی مارکیٹ میں 291 ارب یوآن سے زائد کی حقیقی فروخت آمدن حاصل کی۔ اسی دوران چینی گیمز کی بیرون ملک حقیقی فروخت آمدن 20.45 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی جو مسلسل چھٹے سال 100 ارب یوآن کی حد سے زیادہ رہی۔
رپورٹ کے مطابق اس سال چین کی گیم انڈسٹری نے مستحکم ترقی دکھائی ہے جس میں تکنیکی جدت میں بہتری، بیرون ملک نمایاں کارکردگی اور کم عمر کھلاڑیوں کے تحفظ کے لئے کوششوں میں اضافہ شامل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ صنعت ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے، ثقافتی خوشحالی کو تقویت دینے اور اختراعی و تخلیقی صلاحیتوں کو متحرک کرنے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔


