ونڈہوئک(شِنہوا)چینی کار برانڈز نمیبیا میں تیزی سے اپنی موجودگی بڑھا رہے ہیں کیونکہ کاروباری اداروں اور فلیٹ آپریٹرز میں کم قیمت اور افادیت پر مبنی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب بڑھ رہی ہے۔
تحقیقی اور سرمایہ کاری فرم سائمنس سٹورم سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق اگرچہ نومبر میں نمیبیا میں مجموعی طور پر گاڑیوں کی فروخت میں معمولی کمی آئی تاہم چینی کار ساز کمپنیوں نے گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں مارکیٹ میں اپنا حصہ دوگنا سے بھی زیادہ کر لیا جو ماہانہ مجموعی فروخت کا تقریباً 10 فیصد بنتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چینی برانڈز کی کشش کی بنیاد اب بھی مسابقتی قیمتیں، جدید ایس یو وی ڈیزائن اور ڈیلرشپ نیٹ ورک کی بتدریج بہتری پر ہے۔
اس میں مزید بتایا گیا کہ گریٹ وال موٹر، اوموڈا، جے ٹور اور جائیکو جیسے برانڈز نے نئے ماڈلز کی پیشکش اور علاقائی سپلائی چینز کے پھیلاؤ کے باعث مارکیٹ میں اپنی موجودگی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارکیٹ کے شرکاء نے نشاندہی کی ہے کہ بڑھتے ہوئے آپریٹنگ اخراجات کے تناظر میں کم لاگت نقل و حمل کے حل تلاش کرنے والے چھوٹے کاروباروں اور تجارتی صارفین کے لئے چینی گاڑیاں تیزی سے ایک قابل عمل متبادل کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چینی برانڈز کی یہ توسیع ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب نمیبیا میں کمرشل گاڑیوں کا شعبہ مسافر گاڑیوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر میں گزشتہ سال کی نسبت فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا جس کی وجہ ٹرانسپورٹ، زراعت، کان کنی اور سیاحت جیسے شعبوں کی طلب ہے۔


