ہفتہ, دسمبر 20, 2025
ہومپاکستانپاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستی و برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،...

پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستی و برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان مالدیپ کیساتھ دوستی اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاک مالدیپ تعلقات مشترکہ مذہب، اخوت اور مضبوط عوامی روابط پر قائم ہیں، سرحد پار سے دہشتگردی ایک سنگین علاقائی و عالمی چیلنج ہے، کراس بارڈر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں، پاکستان کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کا سامنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی سربراہی میں پارلیمانی وفد کے دورہ مالدیپ کے موقع پر مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، آرٹیکل 370 اور 35-Aکی منسوخی سے کشمیریوں کی قانونی شناخت اور حق ملکیت سلب ہوا، انہوں نے بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کیخلاف بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک اور عدم برداشت پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ بہار کے وزیراعلی کی جانب سے مسلم خاتون کے حجاب کو ہٹانا قابل مذمت اور شرمناک ہے، مذہبی آزادی اور خواتین کی بے حرمتی قابل مذمت ہے، واقعہ کی مذمت کے بجائے بعض بھارتی سیاسی عناصر کی طرف سے اس طرز عمل کی حمایت پر قابل افسوس ہے، اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ایاز صادق نے فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیلی مظالم اور خوراک و ادویات کی بندش کی بھی مذمت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی اور نائب صدر مالدیپ نے موسمیاتی تبدیلی کو مشترکہ عالمی چیلنج قرار دیا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا، مالدیپ کے نائب صدر نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے، سیاحت اور اعلیٰ تعلیم میں پاک مالدیپ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں انہوں نے عوامی روابط اور تعلیمی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا۔

پاکستانی وفد میں ایم این ایز صلاح الدین جونیجو، نوید عامر جیوا، محمود قادر خان، بلال فاروق تارڑ، محمد بلال بدر اور دانیال احمد شامل ہیں ۔

Authors

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!