کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود، یاسمین راشد، اعجاز چودھری، محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے پھر مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک گرشتہ ساڑھے 3 سال سے بحرانوں کا شکار ہے، گفت و شنید ہی بالعموم پاکستان، بالخصوص پی ٹی آئی کو بحران سے نکال سکتی ہے، توقع ہے محمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصر قوم کی رہنمائی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں پابند سلاسل پی ٹی آئی رہنمائوں نے وکیل رانا مدثر کے ذریعے میڈیا کو بھجوائے گئے خط میں کہا ہے کہ ملک گزشتہ 3سال 8ماہ سے شدید بحرانوں کا شکار ہے، ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کا سوچے اور پرامن ذرائع سے مقاصد حاصل کرے۔
خط میں کہا گیا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سمجھتے ہیں کہ ہر سطح پر گفت و شنید ہی واحد حل ہے، گفت و شنید ہی بالعموم پاکستان، بالخصوص پی ٹی آئی کو کو بحران سے نکال سکتی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریک تحفظ آئین کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ قومی جماعتوں کی مشاورت سے حل نکالیں، وسیع تر مشاورت درحقیقت مذاکرات کا دروازہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا ہے کہ توقع ہے محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر قوم کی رہنمائی کریں گے۔


