ہوہوت(شِنہوا)چین اور منگولیا کے درمیان سب سے بڑی لینڈ پورٹ ایرن ہوت سے گزرنے والی چین-یورپ مال بردار ٹرینوں کے ذریعے سامان کی ترسیل کا حجم 50 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گیا ہے۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 22.7 فیصد اضافہ اور ایک نیا ریکارڈ ہے۔
چائنہ ریلوے ہوہوت گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق رواں سال اس پورٹ سے مجموعی طور پر 3 ہزار 807 چین-یورپ مال بردار ٹرینیں گزریں، ان ٹرینوں کے ذریعے 4 لاکھ 33 ہزار 600 بیس فٹ کے مساوی یونٹس (ٹی ای یوایس) سامان منتقل کیا گیا جو بالترتیب 17.1 فیصد اور 16.2 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
2025 میں پورٹ نے نئے روٹس بھی شامل کئے جن میں چین کے مشرقی صوبے آنہوئی کے ووہو کو روس کے ماسکو سے اور چین کے شمالی صوبے شنشی کے داتونگ کو روس کے سیلیاتینو سے ملانے والے روٹس شامل ہیں۔
کسٹمز حکام نے بھی کارکردگی بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ اس وقت ہر ٹرین کی سرحدی جانچ کا وقت تقریباً 20 منٹ تک کم کر دیا گیا ہے۔
چین-یورپ مال بردار ٹرین نیٹ ورک کے "مڈل کوریڈور” کے لئے واحد ٹرانزٹ پورٹ کے طور پر ایرن ہوت فی الحال 74 روٹس چلاتا ہے جو جرمنی اور پولینڈ سمیت 10 سے زائد ممالک میں 70 سے زیادہ سٹیشنز سے منسلک ہیں۔


