جمعرات, دسمبر 18, 2025
ہومتازہ ترینچھٹے چین-روس میڈیا فورم میں دونوں ممالک کی ترقی کی حمایت پر...

چھٹے چین-روس میڈیا فورم میں دونوں ممالک کی ترقی کی حمایت پر توجہ مرکوز

بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ میں منعقد ہونے والے چھٹے چین۔روس میڈیا فورم میں میڈیا تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ اور ترقی کی حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی کمیٹی کے محکمہ تشہیر کے سربراہ لی شولے نے فورم میں شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا۔

شرکاء نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی میں چین۔روس تعلقات مستحکم، مثبت اور اعلیٰ سطح کی ترقی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں جو نئے طرز کے بین الاقوامی تعلقات اور ہمسایہ بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات کے لئے ایک مثال ہے۔

اسی سال مئی میں دونوں ممالک کے سربراہان مملکت نے نئے دور کے لئے چین۔روس جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے سے متعلق ایک مشترکہ بیان پر دستخط اور اس کا اجرا کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی واضح تجویز پیش کی گئی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ چین اور روس کے میڈیا اداروں کو سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے، چین۔روس دوستی کی عمومی سمت پر مستقل طور پر کاربند رہنا چاہیے اور دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی کے لئے مثبت عوامی رائے کا ماحول تشکیل دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا کو چین کے 15 ویں 5 سالہ منصوبے اور روس کی معاشی و سماجی ترقی کی حکمت عملیوں کے باہمی ربط جیسے اہم امور پر توجہ دینی چاہیے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی کامیابیوں کی تفصیلی رپورٹنگ کرنی چاہیے۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ میڈیا کو عوام کے درمیان روابط کے پل تعمیر کرنے چاہئیں، چینی اور روسی تہذیبوں کے درمیان تبادلے اور باہمی سیکھنے کو فروغ دینا چاہیے، ڈیجیٹل اور ذہین تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں اور میڈیا کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

یہ فورم کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے محکمہ تشہیر اور روسی صدر کے ایگزیکٹو دفتر کی میزبانی میں منعقد ہوا جبکہ اس کا اہتمام چین کی شِنہوا نیوز ایجنسی اور روس کی طاس نیوز ایجنسی نے کیا۔

فورم میں دونوں ممالک کے تقریباً 140 عہدیداروں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران چین اور روس کے درمیان میڈیا تعاون کو مزید گہرا کرنے سے متعلق 11 دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!